بلاول کا شہداء پولیس کے قومی دن پر اپنی جانیں قربان کرنے والے پولیس کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت

172

کراچی۔ 03 اگست (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہداء پولیس کے قومی دن پر اپنے فرائض کی ادائیگی کی خاطر جانیں قربان کرنے والے پولیس کے بہادر افسران اور جوانوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین پی پی پی نے اپنے پیغام میں کہا کہ قانون کی حکمرانی اور شہریوں کی حفاظت کے لئے پولیس شہداء کی غیر متزلزل لگن اور بے لوث خدمات ان کے عزم کی آئینہ دار ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ چاروں صوبوں کے پولیس اہلکاروں نے دہشت گردی کے خلاف بھی جوانمردی سے جنگ لڑی ہے اور لازوال قربانیاں دی ہیں،ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔انہوں نے قربانیاں دے کر عوام کی حفاظت کی ہے اور انصاف و دیانتداری کی اقدار کی پاسداری کی ہے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب ہم اپنے شہید ہیروز کو یاد کرتے ہیں، ہمیں اپنی پولیس فورس کی جاری کاوشوں اور جراَت کی حوصلہ افزائی کرنا چاہیے، جو پروقار جذبےکے ساتھ خدمات انجام سرانجام دے رہے ہیں۔پاکستان پیپلز پارٹی پولیس شہداء کے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور ان کی بے پناہ قربانی پر سلام پیش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی فلاح و بہبود اور حمایت کی وکالت جاری رکھنے کا عزم رکھتی ہے، تاکہ انہیں مؤثر طریقے سے اپنے فرائض کی انجام دہی کے لئے سازوسامان اور اختیارات فراہم کیے جائیں۔انہوں نے قوم پر زور دیتے ہوئے کہا آئیے آج ہم اپنے پولیس شہداء کی یاد کو خراج تحسین پیش کریں اور سب کے لیے ایک محفوظ اور منصفانہ معاشرے کی تعمیر کے عزم کی تجدید کریں۔