بلدیاتی اداروں سے متعلق صحافی برداری شہریوں کے وسیع تر مفاد کو پیش نظر رکھیں، جھوٹی اور جعلی خبروں کی حوصلہ شکنی کریں، میئر کراچی کا تقریب سے خطاب

66
بلدیہ عظمی کراچی دل کے دورے اور انجریز کی صورت میں فوری ہنگامی امداد مہیا کرنے کے لئے شہریوں کو تربیت دے گی، میئر کراچی

کراچی۔ 10 اگست (اے پی پی):میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ اطلاعات تک رسائی، تحقیقاتی رپورٹنگ اور حقائق کی تلاش پیشہ ور صحافیوں کی بنیادی ذمہ داری ہے، محنت اور مسلسل جدوجہد کے ذریعہ ہی اس شعبے میں کامیابی کا حصول ممکن ہے لہٰذا بلدیاتی اداروں سے متعلق صحافی برداری اپنے شہر اور شہریوں کے وسیع تر مفاد کو ہمیشہ پیش نظر رکھیںاور جھوٹی اور جعلی خبروں کی حوصلہ شکنی کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سٹی انسٹیٹیوٹ آف امیج مینجمنٹ کے زیر اہتمام” بلدیاتی صحافیوں کا کردار اور ذمہ داریاں” کے موضوع پر منعقدہ ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر میئر کراچی کے ترجمان برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی، سینئر صحافی اور دانشور محمود شام، مظہر عباس، جامعہ کراچی شعبہ صحافت کی سربراہ ڈاکٹر عصمت ، سابق سربراہ شعبہ صحافت جامعہ اردو پروفیسر ڈاکٹر توصیف احمد خان، آئی بی ایم کے ایا ز صدیقی، شہزاد چغتائی، عمران علی شاہ اور ڈائریکٹر سم محمد شاہد اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

میئر کراچی نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کی بہتر اور فعال کارکردگی میں بلدیاتی رپورٹنگ کا انتہائی اہم کردار ہے، بلدیاتی ادارے نچلی سطح پر شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرتے ہیں، ان کی موثر رہنمائی اور مسائل کی نشاندہی ترقیاتی کاموں کی تکمیل میں معاون ثابت ہوتی ہے، شہری معاملات میں بہتری کے لیے مثبت سوچ اور خلوص نیت بنیادی شرط ہے، لوکل باڈیز کی رپورٹنگ کرنے والے صحافیوں سے ہمیں بہت سی مثبت معلومات ملتی ہیں جس سے ہمیں رہنمائی حاصل ہوتی ہے، بلدیاتی رپورٹر ز کی تربیت کے ساتھ ساتھ منتخب یوسی چیئرمینز اور وائس چیئرمینز کی بھی تربیتی ورکشاپ ہو تو اس سے نہ صرف ان کی کارکردگی بہتر ہوگی بلکہ شہری مسائل حل کرنے اور سمجھنے میں بھی مدد ملے گی۔ ورکشاپ کا اہتمام لوکل باڈیز رپورٹرز ایسوسی ایشن کے اشتراک سے کیا گیا تھا جس میں جامعہ کراچی کے شعبہ صحافت کی طالبات سمیت پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا سے متعلق 35 سے زائد بلدیاتی رپورٹرز نے شرکت کی۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے بلدیاتی رپورٹرز کے لیے تربیتی ورکشاپ کے انعقاد کو خوش آئند اور حوصلہ افزاء قرار دیا اور کہا کہ اس سے انہیں اپنے پیشہ ورانہ امور کی احسن طریقے سے ادائیگی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلدیات ایک وسیع شعبہ ہے جس کے تحت درجنوں بلدیاتی ادارے کام کرتے ہیں، بنیادی شہری مسائل کے حل اور مستقبل کے لیے جامع منصوبہ بندی ان اداروں کی ذمہ داریوں میں شامل ہے، صحافت ایک مقدس پیشہ ہے اور کراچی کی ترقی میں صحافیوں نے انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے، امید ہے آئندہ بھی وہ اپنے اس کردار کو جاری رکھیں گے اور شہر کی ترقی میں بلدیاتی اداروں کا ہاتھ بٹائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سینئر اور تجربہ کار صحافیوں کے ذریعے منعقد کی جانے والی اس ورکشاپ کے مفید نتائج سامنے آئیں گے اور خصوصاً نوجوان صحافیوں کو اس سے بہت مدد ملے گی۔

تقریب سے محمود شام، مظہر عباس، ڈاکٹر توصیف احمد خان، سہیل رب، عنیب احمد ، عرفان علی، مختار زماں اور دیگر بھی خطاب کیا۔تقریب کے اختتام پر ورکشاپ کے شرکاء کو تربیتی سرٹیفکیٹس اور اساتذہ کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔