سینٹ لوشیا ۔ 09 مارچ (اے پی پی) ثام بلنگز کی جارحانہ بیٹنگ اور کرس جورڈن کی غیرمعمولی باﺅلنگ کی بدولت انگلینڈ نے کالی آندھی کو دوسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 137 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی، انگلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے، ثام بلنگز نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 87 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، جواب میں ویسٹ انڈین ہدف کے تعاقب میں 11.5 اوورز میں صرف 45 رنز پر ڈھیر ہو گئی، ڈیوڈ ویلے نے اپنے پہلے دو اوورز میں کرس گیل اور شائی ہوپ کو آﺅٹ کر کے حریف ٹیم کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ کی کمر توڑ دی جس کے بعد کوئی کھلاڑی انگلش باﺅلرز کے سامنے سنبھل کر نہ کھیل سکا، 9 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام رہے، جورڈن نے 2 اوورز میں 6 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو نشانہ عبرت بنایا، بلنگز میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ بی سیٹری میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں انگلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے، ثام بلنگز 87 اور جوروٹ 55 رنز بنا کر نمایاں رہے، ایلکس ہیلز 8، جونی بیئرسٹو 12، کپتان مورگن 1 اور جوئے ڈینلی 2 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، ڈیوڈ ویلے 13 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے، فابین ایلن نے 2 وکٹیں لیں، جواب میں ویسٹ انڈین ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 45 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، انگلش باﺅلرز کے سامنے کالی آندھی کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ ریت کی دیوار ثابت ہوئی کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکا، صرف 2 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کر سکے، شمرون ہٹمائر اور کارلوس بریتھویٹ 10، 10 رنز بنا کر نمایاں رہے، کرس گیل 5، شائی ہوپ 7، دیوندرا بیشو 8 کوٹریل 2، ایلن اور پورا 1، 1 ڈیرن براوو اور کپتان جیسن ہولڈر بغیر کوئی رن بنائے آﺅٹ ہوئے، جورڈن نے 4 ڈیوڈ ویلے، عادل رشید اور لیام پلنکٹ نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔