کوئٹہ۔ 26 اگست (اے پی پی):بلوچستان کے علاقے موسی ٰخیل میں مسلح افراد نے23مسافروں کو گاڑیوں سے اتارکر فائرنگ کر کے قتل کردیا اور موقع واردات سے فرار ہو گئے ۔ ضلع موسیٰ خیل کے سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) ایوب اچکزئی کے مطابق واقعہ پنجاب بلوچستان قومی شاہراہ پر راڑا شم کے قریب پیش آیا ۔ ایس پی نے شہریوں کی ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس واقعے میں 23 افراد کو ان کی گاڑیوں سے نیچے اتار کر قتل کیا گیا ۔
ایس پی موسیٰ خیل ایوب اچکزئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ لاشوں کو مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔ایوب اچکزئی نے مزید بتایا کہ مسلح افراد نے پنجاب سے تعلق رکھنے والے 6 افراد کو مسافر بسوں سے اتارا جب کہ باقی 17 کو کوئلے سے بھرے ٹرکوں سے اتار کر تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر انہیں فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔
موسیٰ خیل میں جس مقام پر یہ واقعہ پیش آیا وہاں مسلح افراد نے بہیمانہ کارروائی کے بعد 10 سے زائد گاڑیوں کو بھی نذر آتش کردیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے شاہراہ پر ناکے لگاکے مسافروں کو بسوں اور ٹرکوں سے اتارکر شناخت کے بعد قتل کیاہے۔