کوئٹہ۔ 20 مارچ (اے پی پی):بلوچستان اسمبلی نے مدارس کے طلباء کو سکالرشپس دینے سے متعلق قرارداد منظور کرلی ۔جمعرات کو جمعیت علماء اسلام کے رکن اسمبلی سید ظفر علی آغا نے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں مدارس کے طلبا کو سکالرشپ دینے کی قرارداد ایوان میں پیش کی ۔
قرارداد کے متن میں کہاگیاہے کہ صوبہ بھر میں تعلیمی نظام کی بہتری کے لئے اسکالر شپ پروگرام متعارف کیا گیا ہے،اسکالر شپ سے قوم کے طلبا و طالبات مستفید ہو رہے ہیں جو کہ ایک مستحسن اقدام ہے اس کے برعکس صوبہ بھر کے دینی مدارس کے طلبا وطالبات مالی لحاظ سے انتہائی کمزور ہیں مدارس کے طلباکے لئے کسی بھی قسم کا اسکالر شپ پروگرام نہیں ہے جسکی بنا وہ بہتر تعلیم جاری رکھنے سے قاصر رہ جاتے ہیں ،
صوبائی حکومت عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی مدارس کے طلبا و طالبات کے لئے بھی اسکالر شپ پروگرام شروع کرنے کو یقینی بنائے۔ بعدازاں بلوچستان اسمبلی نے مدارس کے طلبا کو سکالرشپ دینے قرارداد منظور کرلی ۔بلوچستان اسمبلی کااجلاس غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردیاگیا۔