کوئٹہ۔ 11 اپریل (اے پی پی):بلوچستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل یاسر بازئی نے صوبے بھر کے ویٹ لفٹنگ کے کھلاڑیوں کو اوپن ٹرائل میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ٹرائل 11 اور 12 اپریل 2025 کو شام 3 بجے سے 7 بجے تک، ایوب اسٹیڈیم کے ویٹ لفٹنگ ہال میں منعقد ہوگا ۔ٹرائل اے کے گروپ آف انڈسٹریز کے سی ای او نیشنل گولڈ میڈلسٹ ارشد خان، آصف بازئی، کاشف ریحان اور اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے نمائندہ کامران خورشید کی نگرانی میں منعقد ہوگا، جنہوں نے بلوچستان میں کھیلوں بالخصوص ویٹ لفٹنگ کو فروغ دینے کے لیے قابلِ ستائش کام کیا ہے۔
مرد کھلاڑیوں کے لیے ویٹ کیٹیگریز60, 65, 71, 79, 88, 98, 110, اور 110خواتین کھلاڑیوں کے لیے ویٹ کیٹیگریز48, 53, 58, 63, 69, 77, 86, اور 86 کے جی ڈائریکٹر جنرل یاسر بازئی نے اے کے گروپ آف انڈسٹریز کے سی ای او ارشد خان کی بلوچستان کے کھلاڑیوں کے لیے کی گئی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہ صرف صوبے کے ویٹ لفٹرز کے لیے جدید ترین سامان مہیا کیا ہے، بلکہ کھلاڑیوں کے بین الاقوامی مقابلوں کے اخراجات بھی برداشت کیے ہیں۔
ان کی ان تھک محنت اور عزم کی بدولت بلوچستان کے کھلاڑی اب قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں بلوچستان اسپورٹس بورڈ نے تمام کھلاڑیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھائیں اور ٹرائل میں بڑی تعداد میں شرکت کرکے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں۔ منتخب کھلاڑیوں کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کا موقع ملے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=580881