اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ بلوچستان کی تعمیر و ترقی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، بلوچستان اہم صوبہ ہے، ملکی ترقی اس صوبے کی ترقی سے مشروط ہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر)عبدالخالق خان اچکزئی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی و اقتصادی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل کے حل کےلئے وفاق اور تمام صوبوں کے درمیان قریبی روابط ناگزیر ہیں، بلوچستان ایک اہم صوبہ ہے جس کی تعمیر و ترقی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے بلوچستان اسمبلی کے اراکین اور عملے کی استعداد کار بڑھانے کےلئے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر سپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق خان اچکزئی نے کہا کہ قومی اور بلوچستان اسمبلی کے اراکین کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ کےلئے باہمی روابط میں اضافہ ضروری ہے، ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کےلئے قومی یکجہتی اور اتحاد ناگزیر ہے۔