بلوچستان حکومت نے پاک افغان چمن بارڈر پر آمد و رفت سے متعلق مشکلات کا جائزہ لینے کے لئے کمیٹی قائم کردی

60

کوئٹہ۔16اکتوبر (اے پی پی):بلوچستان حکومت نے پاک افغان چمن بارڈر پر آمد و رفت سے متعلق مشکلات کا جائزہ لینے کے لئے صوبائی سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی ہے ، ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشن بلوچستان کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ فیصلہ چمن بارڈر پر عوامی مشکلات کے فوری حل کے لئے کیا گیا ہے ۔

چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا کا کہنا ہے کہ پاک افغان چمن بارڈر پر عوام کو آمد و رفت میں جن مشکلات کا سامنا ہے ، صوبائی حکومت کو اس کا بخوبی احساس ہے ،ان مشکلات کو حل کرنے کے لئے یہ کمیٹی قائم کی گئی ہے جو افغان حکام سے رابطہ کرکے مشکلات کا ازالہ کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے گی ۔

چمن سے اے پی پی کے نامہ نگار سعید علی اچکزئی کے مطابق آمد و رفت کی یہ مشکلات افغانستان میں حکومتی تبدیلی کے بعد اسوقت سامنے آئیں جب نئے افغان انتظامی سیٹ اپ میں بارڈر کے نزدیکی علاقوں کے عوام کو آمد و رفت سے روک دیا گیا،

اس سے قبل چمن کے شناختی کارڈ ہولڈر افغانستان کے شہر اسپین بولدک اور وہاں کے شناختی کارڈ کے حامل شہری چمن تک مشروط آمد و رفت کرسکتے تھے تاہم افغانستان میں انتظامی تبدیلی کے ساتھ ہی آمد و رفت کا یہ عمل رک چکا ہے جس سے بارڈر کے نزدیکی علاقوں کے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

صوبائی حکومت کی جانب سے سیکرٹری داخلہ بلوچستان کی سربراہی میں قائم کمیٹی افغان حکام سے بات چیت کرکے دو طرفہ آمد و رفت سے متعلق امور کو سہل بنانے کے لئےتجاویز کا جائزہ لے گی