کوئٹہ۔ 21 اگست (اے پی پی):نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا ہے کہ ان کے دل میں تمام افسران کا احترام موجود ہے اور وہ اپنے افسران کی عزت کو اتنی ہی اہمیت دیتے ہیں جتنی خود کی عزت کو دیتے ہیں ، صاف اور شفاف انتخابات کے انعقاد کی ذمہ داری نہ صرف ان کے کندھوں پرہے بلکہ تمام افسران بھی اس ذمہ داری کا حصہ ہیں ، بلوچستان کی سول سروس کے افسران آپس کے اختلافات ختم کرکے اپنی تمام تر توجہ فرائض کی انجام دہی کی جانب دیں جس سے صوبے کی نیک نامی میں اضافہ ہوسکے ۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ نے بی سی ایس کیڈر اور بی ایس ایس کیڈر افسران ایسوسی ایشنز کے وفود سے ہونے والی علیحدہ علیحدہ ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔
بی سی ایس کیڈر افسر ایسوسی ایشن کی قیادت حافظ محمد طاہر جبکہ بی ایس ایس کیڈر افسر گروپ کے وفد کی قیادت ایسوسی ایشن کے صدر عبدالمالک کاکڑ کررہے تھے ۔ بی سی ایس افسران کے وفد نے وزیراعلیٰ کے کہنے پر جاری ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا جبکہ بی ایس ایس افسران کے وفد نے ہڑتال نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ، دونوں وفود نے نگران وزیراعلیٰ کی تلقین کے پیش نظر سرکاری فرائض کی انجام دہی اور انتخابی عمل کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے دونوں وفود کے جذبہ خیر سگالی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسائل کے حل کیلئے ہماری دیرینہ روایات موجود ہیں جن کے تحت مل بیٹھ کر بات چیت کے ذریعے تنازعات کو حل کیا جاتا ہے اور خون تک بھی معاف ہوجاتے ہیں ، ہم سب قبائلی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں ۔
نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایک گھر میں بھائیوں کے بھی آپس میں جھگڑے ہوتے ہیں لیکن اس سے خون کے رشتے ختم نہیں ہوجاتے ۔ انہوں نے زور دیا کہ افسران ایسوسی ایشنز صبروتحمل کا مظاہرہ کریں اور انہیں کچھ وقت دیا جائے تاکہ وہ دونوں طرف کا موقف سن کراور متعلقہ دستاویزات کا جائزہ لے کر فیصلہ کرسکیں ۔
نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ افسران انتظامی امور میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ہمیں اپنے افسران کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ افسران ، جن پر عوامی مسائل کے حل کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے جب ان کے درمیان خود تنازعہ ہوگا تو عوام تک کیا پیغام جائے گا ، لڑائی جھگڑے کبھی بھی مسائل کا حل نہیں ہوتے بالآخر مذاکرات کی میز پر ہی آنا پڑتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میرے دروزے سب کیلئے کھلے ہیں اور بلا تفریق کوئی بھی مجھ سے ملنے آسکتا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے واضح طور پر کہا کہ کار سرکارمیں کسی بھی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جاسکتی ۔
انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کی نظریں بلوچستان پر مرکوز ہیں اور سرمایہ کار یہاں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں جس کیلئے سازگاراور پر امن ماحول کا قیام ضروری ہے ، ہمیں اپنے قول و فعل اور کارکردگی کے ذریعے قومی اور بین الاقوامی سطح پر بلوچستان کے بارے میں ایک مثبت تاثر اجاگر کرنا ہے ۔