بلوچستان سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ہمارا مشن ہے،حاجی نورمحمد خان دمڑ

صوبائی وزیر خوراک بلوچستان حاجی نورمحمد خان دمڑ نے سانحہ زیارت کچ کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے لیے جان قربان کرنے والے بہادر پولیس اہلکار قوم کا فخر اور ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔

ہرنائی ۔ 10 جولائی (اے پی پی):صوبائی وزیر خوراک بلوچستان حاجی نورمحمد خان دمڑنے سانحہ زیارت کچ میں جام شہادت نوش کرنے والے پولیس کے "وطن کے جانباز محافظوں” اور "قوم کے بہادر سپوتوں” کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ شہداء پوری قوم کا سرمایہ اور ہمارا فخر ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں سانحہ زیارت کچ کے شہید پولیس اہلکاروں کے نمازہ جنازوں اور تدفین میں شرکت اور شہداء کے گھروں میں جاکر شہداء کے لواحقین سے تعزیت وفاتحہ خوانی کرنے کے بعد مقامی صحافیوں سے چیت کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے شہداء کے اہلِ خانہ کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کے پیاروں کے خون کا ایک ایک قطرہ قرض ہے، ریاست اس خون کو رائیگاں نہیں جانے دے گی۔ زیارت، ہرنائی سمیت پورے بلوچستان سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ہمارا مشن ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ زرغون غر شعبان مانگی کے پہاڑوں میں پاک فوج اور ایف سی کے غیور جوان شہداء کا بدلہ لینے کے لیے آپریشن میں مصروف ہیں، اب تک کئی دہشتگرد جہنم واصل کیے جا چکے ہیں