کوئٹہ۔ 30 جون (اے پی پی):بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے کوئٹہ اور لورالائی میں حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر 10خوراکی مراکز کے مالکان کوجرمانہ کردیا۔ پیر کے روز بی ایف اے مِلک سیفٹی ٹیموں نے کوئٹہ شہر کے مختلف مضافات میں انسپکشن کی اور مِلک سیفٹی ٹیموں نے دکانوں میں صفائی کے امور ، دودھ کی سٹوریج و ٹرانسپورٹیشن کے انتظامات کا جائزہ لیا جبکہ دکانوں سے ملک سیمپلز لے کر موقع پر ٹیسٹ کیے گئے۔
جتک سٹاپ اور کلی الماس ایئرپورٹ روڈ کے علاقوں میں ٹیسٹ کردہ متعدد دکانوں کے سیمپلز ملاوٹ سے پاک پائے گئے تاہم کاسی روڈ میں تین دودھ فروشوں کو دودھ میں اسکمڈ ملک اور پانی کی ملاوٹ پر جرمانہ کیا گیا۔اسی طرح لورالائی شہر کے مختلف علاقوں میں بی ایف اے زونل انسپکشن ٹیم کی بیکنگ یونٹس ، آئس کریم و جوس کارنرز سمیت متفرق خوراک کے مراکز کا معائنہ کیاگیا۔فوڈ سیفٹی قوانین صحت کے اصولوں کے خلاف ورزی پر 4 بیکنگ یونٹس ، 2 آئسکریم کارنرز اور ایک جوس پوائنٹ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مالکان کوجرمانہ کردیا۔
زونل فوڈ سیفٹی ٹیم کے مطابق بیکنگ یونٹس کے خلاف آلودہ واٹر ٹینکس میں پانی کی سٹوریج، اشیا کی پیکنگ میں کیمیکل پرنٹڈ پیپر جبکہ اشیا کی تیاری میں غیر معیاری رنگوں، چاکلیٹ پاڈر اور ذائقوں کے استعمال، ایکسپائرڈ بیکنگ سوڈا کی موجودگی اور پروڈکشن میں خالص دودھ کے بجائے پاڈر ملک کی مکسنگ پر ایکشن لیا گیا۔علاوہ ازیں آئس کریم اور جوس کارنرز کے خلاف مختلف وجوہات صفائی کی ابتر صورتحال اور آئس کریم و ملک شیک کی تیاری میں سکمڈ ملک کی مکسنگ پر کارروائی کی گئی۔