کوئٹہ۔ 24 جنوری (اے پی پی):ضلع دکی میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے مختلف کارروائیوں کے دوران قوانین کی خلاف ورزی پر 13 خوراک کے مراکز پر جرمانے عائد کردئیے۔ دکی ، لورالائی و ملحقہ علاقوں میں 8 جنرل سٹورز سے بڑی مقدار میں زائد المعیاد اشیاء برآمد ہوئیں جبکہ حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر 3 بیکریوں، ایک ہول سیل ٹریڈر اور ایک فوڈ پوائنٹ کے خلاف ایکشن لیا گیا۔
جنرل سٹورز سے پکڑی گئیں زائد المیعاد مصنوعات، ممنوعہ گٹکا اور چائنیز نمک کو ضبط کرکے موقع پر تلف کردیا گیا۔ بی ایف اے ڈویژنل فوڈ سیفٹی حکام کے مطابق بیکرز کے خلاف زائد المعیاد اجزاء و مضر صحت رنگوں کی موجودگی، اشیاء کی پیکنگ میں اخبار کے استعمال، آلودہ بیکنگ مشینری اور صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پر کارروائی کی گئی۔
ضبط و تلف کردہ مصنوعات میں چائنیز نمک، نان فوڈ گریڈ کلرز، ایکسپائرڈ کولڈرنکس، پیکٹ مصالحے، کسٹرڈ پاؤڈر اور بچوں کے کھانے کی مختلف اشیاء شامل تھیں۔ بی ایف اے انسپیکشن ٹیم نے ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ دوران معائنہ معمولی نقائص پر متعدد خوراک کے مراکز کو اصلاحی نوٹسز بھی جاری کیے۔