بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں،غیر معیاری خوراک ،صفائی کے ناقص انتظامات پر فوڈ پوائنٹ،ریسٹورنٹ کو جرمانہ

154

کوئٹہ۔ 11 جولائی (اے پی پی):بلوچستان فوڈ اتھارٹی (بی ایف اے)نے کوئٹہ میں ایئرپورٹ روڈ پر کارروائیوں کے دوران غیر معیاری خوراک کی فراہمی اور صفائی کے ناقص انتظامات پر ایک فاسٹ فوڈ پوائنٹ، ایک ریسٹورنٹ اور ایک ڈیپارٹمنٹل سٹور پر جرمانے عائد کئے۔

بی ایف اے کے مطابق حکام نے فاسٹ فوڈ پوائنٹ میں صفائی کے ناقص انتظامات، نکاسی آب کے نامناسب انتظام ، حشرات کی بھرمار، اشیا کی تیاری میں غیر مضر صحت رنگوں کی آمیزش، آلودہ و جراثیم زدہ ریفریجریٹر کی موجودگی جبکہ ریسٹورنٹ میں بھی حشرات کی موجودگی، غیر مناسب فریج، سٹور روم کی غیر صحت بخش حالت اور ڈیپارٹمنٹل سٹور کے پاس فوڈ بزنس لائسنس نہ ہونے پر کارروائی کی۔

دریں اثنا بی ایف اے کی انسپیکشن ٹیم نے غیر معیاری خوراک کی فراہمی اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر اسپنی روڈ پر نان شاپ پر جرمانہ عائد کیا ، نان شاپ کے خلاف صفائی کے ناقص انتظامات، ورکرز کی ذاتی صفائی کی ابتر حالت، حشرات کی موجودگی، آٹا کو ذخیرہ کرنے کے نامناسب سٹوریج پر کارروائی کی گئی۔