کوئٹہ۔ 08 اکتوبر (اے پی پی):بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی قوانین کی خلاف ورزی پر کھانے پینے کے چھوٹے بڑے مراکز و کارخانوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ اس ضمن میں اتھارٹی کی آپریشن ٹیموں نے کوئٹہ شہر کے مختلف مقامات پر معروف آئسکریم پراسیسنگ یونٹ اور مصالحہ یونٹ سمیت 14 جبکہ حب میں 4 مراکز پر جرمانے عائد کردئیے۔دوران انسپیکشن کوئٹہ میں غیر رجسٹرڈ مکھن کی تیاری پر مکھن پراسیسنگ یونٹ کے مالک کو اتھارٹی سے مکھن کی رجسٹریشن کروانے تک کام بند کرنے کی ہدایت کی گئی۔ترجمان بی ایف اے کے مطابق ناقص خوراک کی تیاری و فراہمی کے تدارک کیلئے کوئٹہ کے مختلف علاقوں کواری روڈ ، طوغی روڈ ، سرکی روڈ ، نواں کلی اور ہزارہ ٹاؤن میں اشیاء خوردونوش کے مراکز کا معائنہ کیا گیا۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر متعدد بیکنگ یونٹس، نمکو کارخانہ ، میٹ شاپس ، مصالحہ یونٹ ، پکوان ہاؤس اور ایک معروف آئسکریم پراسیسنگ یونٹ جبکہ زائد المعیاد خوردنی مصنوعات برآمد ہونے پر 2 ڈیپارٹمنٹل سٹور کو جرمانے عائد کئے گئے۔