بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کاروائی،12 مختلف خوراک مراکز کے مالکان پر جرمانہ عائد

72

کوئٹہ۔ 26 فروری (اے پی پی):کوئٹہ میں لائسنس کی عدم دستیابی و ناقص خوراک کی فروخت پر بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے کوئٹہ کے گردونواح میں متفرق کھانے پینے کے مراکز کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے 12 مختلف خوراک کے مراکز ( بیکنگ یونٹ، میٹ شاپ، جنرل اسٹور، کیٹرنگ یونٹ) مالکان پر جرمانہ عائد کر دیا۔ بلوچستان فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق جرمانے کیے گئے متعدد مراکز مالکان کے پاس فوڈ بزنس لائسنس موجود نہیں تھے

جبکہ بیکنگ یونٹ کے خلاف صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات، ورکرز کی ذاتی صفائی نہ ہونے، زنگ آلود مشنری کی موجودگی، اشیاء کی پیکنگ میں کیمیکل پرنٹڈ پیپر اخبار کے استعمال، اشیاء پر مینوفیکچرنگ و ایکسپائری تواریخ ظاہر نہ ہونے اور خام مال ذخیرہ کرنے کے نامناسب حالات پر ایکشن لیا گیا۔ مزید برآں میٹ شاپ کے خلاف صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال، گندے کپڑوں کے ساتھ کام کرتے ہوئے،

دکانوں کے باہر گردوغبار میں گوشت لٹکانے اور آلودہ و جراثیم زدہ کٹنگ اوزار کے استعمال پر ایکشن اور جنرل اسٹور سے ایکسپائرڈ ٹیٹرا ملک پیک برآمد ہونے جبکہ کیٹرنگ یونٹ میں صفائی ستھرائی کی صورتحال انتہائی خراب، مصالحہ جات میں پابندی عائد چائنیز نمک کی ملاوٹ پر ایکشن لیا گیا۔