کوئٹہ۔ 17 مارچ (اے پی پی):بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے کوئٹہ وژوب میں کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد خوراک مراکز کے مالکان پر جرمانے عائد کردئیے۔پیر کے روز بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ٹیم کی جانب سے دودھ کے معیار کی جانچ کیلئے کوئٹہ کے علاقے علمدار روڈ اور کاسی روڈ پر قائم ملک شاپس کی چیکنگ کی گئی ،صفائی و سٹوریج کے ناقص انتظامات اور دودھ میں ملاوٹ پر 1 ملک شاپ اونر جرمانہ عائد کیاگیا،مِلک شاپ سے مِلک سیمپلز کی آن دی سپاٹ ٹیسٹنگ پر دودھ میں سکمڈ ملک پائوڈر مکس کرنے پر ایک دودھ فروش پر ایکشن لیا گیا۔اسی طرح شہریوں کو محفوظ و معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے بی ایف اے انسپکشن ٹیم کی مغربی بائی پاس اور ایئرپورٹ روڈ پر موجود اشیا خوردونوش کے مراکز کی چیکنگ کی گئی ،
ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 2 ہوٹل اور ایک بیکنگ یونٹ سمیت مختلف وجوہات پر مراکز مالکان جرمانہ کیاگیا، جرمانہ کردہ ایک ہوٹل مالک کے پاس فوڈ بزنس لائسنس موجود نہ ہونے پر ایکشن جبکہ ہوٹل کے خلاف صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال، ورکرز کی ذاتی صفائی نہ ہونے، کھلے کوڑے دان، اشیا کی تیاری میں خراب و ناقص کوکنگ آئل کے استعمال، حتمی پراڈکٹس کی نامناسب سٹوریج پر ایکشن اور بیکنگ یونٹ کے خلاف صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات، کھلے کوڑے دان، اشیا پر مینوفیکچرنگ و ایکسپائری تواریخ ظاہر نہ ہونے، اشیا کی پیکنگ میں کیمیکل پرنٹڈ پیپر اخبار، اشیا کو ڈھکنے کے نامناسب حالات، حشرات کی موجودگی پر ایکشن لیا گیا۔
ژوب میں عوام کو محفوظ و خالص خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے بی ایف اے زونل انسپکشن ٹیم کی ژوب شہر کے مختلف مضافات میں موجود مراکز کی چیکنگ کی گئی ، معائنے کے دوران معمولی نقائص پر متعدد خوراک کے مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیاگیا، مراکز مالکان کو فوڈ سیفٹی کے مقررہ سٹینڈرڈز پر عملدرآمد یقینی بنانے جبکہ اس ضمن میں بی ایف اے کی وضع کردہ ایس او پیز پر عمل پیرا ہونے کی تنبیہ کی گئی، دکانداروں کو بی ایف اے لائسنس کا حصول ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ۔