بلوچستان مختلف شعبوں خصوصاً سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے کھلا ہے،وائس چیئرمین بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ بلال خان کاکڑ

106
Balochistan Investment Board
Balochistan Investment Board

کوئٹہ۔ 16 مئی (اے پی پی):بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے خواہشمند تمام سرمایہ کاروں کو مکمل ادارہ جاتی تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان مختلف شعبوں خصوصاً سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے کھلا ہے اور حکومت پائیدار ترقی کے لیے ایک محفوظ، شفاف اور معاون ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، اس سلسلے میں بلال خان کاکڑ اور ہم نیٹ ورک کے سی ای او درید قریشی نے حال ہی میں ضلع لسبیلہ میں واقع ”کھوج ریزورٹ” کا دورہ کیا یہ منصوبہ بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں کامیاب سیاحتی ترقی کی ایک مثال ہے۔

دورے کے دوران بلال کاکڑ نے حکومت کے اس غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں سیاحت کی ترقی کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور ہم ہم نیٹ ورک جیسے معتبر شراکت داروں کا خیرمقدم کرتے ہیں جو پائیدار اور جامع ترقی کے ہمارے وژن میں شریک ہیں۔درید قریشی نے علاقے کی صلاحیت کو سراہا اور بلوچستان کی قدرتی خوبصورتی اور ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کے لیے ایک اعلیٰ درجے کے سیاحتی مقام میں سرمایہ کاری کے منصوبے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہاکہ ہم نیٹ ورک کو بلوچستان میں سیاحت کو فروغ دینے کی جانب یہ قدم اٹھاتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے اگر مناسب انفراسٹرکچر اور حکومتی تعاون میسر ہو تو یہ صوبہ پاکستان کا ایک نمایاں سیاحتی مقام بن سکتا ہے۔یہ مجوزہ منصوبہ ماحولیاتی لحاظ سے پائیدار ترقی، اعلیٰ معیار کی رہائش اور ثقافتی طور پر مؤثر تجربات پر مشتمل ہوگا، جو ملکی و غیر ملکی دونوں سیاحوں کے لیے پرکشش ہوں گے۔ اس منصوبے میں مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور ماحولیاتی تحفظ کو بھی اولین ترجیح دی جائے گی۔