کوئٹہ۔ 01 فروری (اے پی پی):صوبائی وزیر زراعت میر علی حسن زہری نے قلات کے علاقے منگچر میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن و استحکام کے دشمن اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے ۔ ہفتہ کو جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے سیکیورٹی فورسز اور مسافر بسوں پر حملے، پرائیویٹ بینکوں میں لوٹ مار اور بے گناہ شہریوں کے قتل کو بزدلانہ کارروائیاں قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن عناصر بلوچستان کی ترقی کو روکنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں ، سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں نے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر بلوچستان میں امن قائم رکھا ہے ۔
انہوں نے شہداء کو خر اج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فورسز کی قربانیوں کی بدولت ہی پاکستان آج قائم و دائم ہے، دشمن قوتیں ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں کر سکتیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے سیکیورٹی ادارے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں ۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ چند عناصر بیرونی آقاؤں کو خوش کرنے کے لیے بلوچستان میں بے گناہوں کا خون بہا رہے ہیں لیکن حکومت اور عوام مل کر ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہوں کے قتل عام پر کسی صورت خاموش نہیں بیٹھیں گے ،دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری شدت کے ساتھ جاری رہیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے
ملک دشمن عناصر بلوچستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتے، اسی لیے امن و امان کی صورتحال خرا ب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ، بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبے دیکھ کر دشمن خوفزدہ ہو چکے ہیں اور افراتفری پھیلانے کی سازشوں میں مصروف ہیں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان کی ترقی کے لیے امن ناگزیر ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=554901