کوئٹہ۔ 25 مارچ (اے پی پی):مرکزی رہنما پاکستان پیپلز پارٹی ، ترجمان صدر آصف علی زرداری و صوبائی وزیر زراعت و کوآپریٹو میر علی حسن زہری نے کہا ہے کہ پاکستان میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے ملکی سیکیورٹی انتظامات کو مزید موثر بنانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دشمن ہمیں غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے تاکہ اپنے مذموم مقاصد حاصل کر سکے لیکن وطن عزیز میں امن و امان کی صورتحال پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔حکومت پاک افواج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر مضبوط لائحہ عمل طے کر رہی ہے۔
میر علی حسن زہری نے بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں کے واقعات پر شدید رنج و غم اور غصے کا اظہارکرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان خاص کر بلوچستان خیبرپختونخوا میں حالات خراب کی مذموم کوشش کی جارہی ہے جس سے نمٹنے کے لئے پوری قوم اپنے سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔
دہشت گردانہ حملوں میں شہیدہونے والے سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور عام عوام کے لواحقین کو یقین دلاتے ہیں کہ دہشت گردوں کو صفحہ ہستی سے مٹانے سے قبل چین سے نہیں بیٹھیں گے اور دہشت گردوں اور انکے سہولت کاروں کا پیچھا کر کے ان کو انجام تک پہنچائیں گے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=576088