بلوچستان میں اگلے تین دنوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی

4

کوئٹہ۔ 27 جون (اے پی پی):علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان نے اگلے تین دنوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔کوہ سلیمان دامن، لسبیلہ، لورالائی، قلات، نصیر آباد میں شدید بارشوں کے امکانات ہیں جبکہ سبی ڈویژن، لسبیلہ، حب، خضدار، رکھنی اور بارکھان میں لینڈ سلائیڈنگ بھی ہو سکتی ہے۔آج اور کل (جمعہ، ہفتہ) صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہےجبکہ بارکھان، زیارت، ہرنائی کے اضلاع میں تیز ہوائیں چلنے کیساتھ بارش متوقع ہے۔

نصیر آباد، کچھی، قلات، خضدار، وڈھ، لسبیلہ، حب، ڈیرہ بگٹی، دکی، کوہلو، موسیٰ خیل، لورالائی،صحبت پور، جعفرآباد، اوستہ محمد، جھل مگسی اور کوئٹہ میں بھی ہلکی سے درمیانی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔اسی طرح مستونگ، ژوب، شیرانی، سوراب، قلعہ سیف اللہ، پنجگور اور اورماڑہ کے علاقوں میں دھند رہے گی۔چاغی، نوکنڈی اور خاران کے اضلاع میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لسبیلہ میں (4.3 ملی میٹر)، زیارت میں (03.5)اور دالبندین میں (01.0) ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔