تونسہ بیراج/کوٹ ادو۔22نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ترقی کا سفر روکنے والے دہشت گرد ہیں، ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو کچھی کینال کی بحالی کے منصوبہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کچھی کینال کا اہم منصوبہ 2018 میں مسلم لیگ (ن) کے دور میں مکمل ہوا تھا، لیکن 2022 کے تباہ کن سیلاب سے یہ نہر بری طرح متاثر ہوئی جس کے نتیجے میں زرعی شعبے سے وابستہ لوگ بے روزگار ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر نہر کی بحالی کا کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2018 میں ترقیاتی بجٹ 340 ارب روپے سے بڑھا کر ایک ہزار ارب روپے تک پہنچایا گیا، لیکن 2022 میں جب اقتدار ملا تو بجٹ کم ہو کر 750 ارب روپے رہ گیا تھا۔ بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر ترقیاتی بجٹ میں اضافے کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگلے چند سالوں میں پاکستان کو مضبوط بنیادوں پر کھڑا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے بلوچستان کے لیے مختص وسائل میں 40 فیصد اضافہ کیا ہے، جو اس علاقے کی ترقی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
انہوں نےکہا کہ بلوچستان میں ترقی کا سفر روکنے والے دہشت گرد ہیں، لیکن ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا جائے گا۔ احسن اقبال نے نوجوانوں کو روزگار، تعلیم اور خوشحالی فراہم کرنے کو حکومت کا مشن قرار دیا اور یقین دلایا کہ وزیراعظم کی قیادت میں عوام کی خوشحالی کے لیے مسلسل کام جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور شدت پسندی کی وجہ سے ترقیاتی منصوبوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ دہشت گردی کے یہ عناصر نہ صرف معصوم عوام کی جانوں کے لیے خطرہ ہیں بلکہ صوبے کی معیشت اور انفراسٹرکچر کی ترقی میں بھی رکاوٹ بنتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے ، لیکن اس کے ساتھ ساتھ عوام کی شمولیت، تعلیم، اور بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی ضروری ہے تاکہ لوگ ترقی کے اس عمل میں شامل ہو سکیں۔ ترقی کے راستے پر چلتے ہوئے امن اور یکجہتی کو برقرار رکھنا انتہائی اہم ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=528254