بلوچستان میں دورانِ زچگی ماؤں کی شرح اموات سب سے زیادہ ہے، ملک عبدالولی خان کاکڑ

69
Governor Balochistan
Governor Balochistan

کوئٹہ۔ 23 جنوری (اے پی پی):گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ ترقی یافتہ دور میں بھی ملک کے دوسرے صوبوں کے مقابلے میں بلوچستان میں دورانِ زچگی ماؤں کی شرح اموات سب سے زیادہ ہے، اس سلسلے میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں لیڈی ڈفرن ہسپتال کو ہر ممکن وسائل فراہم کیے جائیں گے تاکہ اسکی معیاری کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز گورنر ہاوس کوئٹہ میں سابق سینیٹر روشن خورشيد بروچہ کی قیادت میں لیڈی ڈفرین ہسپتال کے کمیٹی ممبرز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

گورنر بلوچستان نے کہا کہ کوئٹہ شہر کے وسط میں موجود لیڈی ڈفرن ہسپتال پچھلے ایک سو تیس برس سے مسلسل خدمات انجام دیتا آرہا ہے جس سے اس طویل عرصے میں ہزاروں لاکھوں مریض مستفید ہو چکے ہیں، تمام شہریوں کو صحت کی بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچانا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، اس سلسلے میں پبلک اور پرائیویٹ ہسپتالوں کی بہت قابل ستائش خدمات ہیں۔ گورنر بلوچستان نے لیڈی ڈفرین ہسپتال کوئٹہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ سیکٹر میں لیڈی ڈفرن ہسپتال بلوچستان کیلئے ایک اثاثہ ہے اور جدید طبی آلات کی فراہمی کو یقینی بنانے سے یہ صوبہ کا ایک مثالی ہسپتال بن سکتا ہے۔

گورنر بلوچستان نے کہا کہ لیڈی ڈفرن ہسپتال شہر کے وسط میں واقع ہے ہم اس کو جدید میڈیکل مشینری فراہم کر کے صوبہ بھر کے نادار اور غریب عورتوں کیلئے مزید فائدہ مند بنا سکتے ہیں ۔ گورنر بلوچستان نے وفد کو یقین دلایا کہ لیڈی ڈفرن ہسپتال میں مزید بہتری لانے کیلئے ہمارا ہر ممکن تعاون آپکے ساتھ رہیگا۔