بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات کی تحقیقات کے بعد حقائق ثبوت کے ساتھ سامنے لائیں گے،تخریب کاری پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی سازش ہے،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی

92
Interior Minister Mohsin Naqvi
Interior Minister Mohsin Naqvi

اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات کی تحقیقات کے بعد حقائق ثبوت کے ساتھ سامنے لائیں گے،تخریب کاری کے یہ واقعات پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی سازش ہے،دشمن سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ملک میں انارکی پیدا کرنا چاہتا ہے۔ پیر کواپنے بیان میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت کارروائی کرکے 12 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں قیام امن کےلئے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا، دہشتگردوں اور سہولت کاروں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ بلوچستان حکومت کے ساتھ رابطے میں ہوں، امن کی فضا برقرار رکھنے کےلئے موثر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں یکے بعد دیگرے دہشت گردی کے واقعات میں شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر کےشریک ہیں،کوئی اگر یہ سمجھتا ہے کہ بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کے غیرمتزل عزم کو شکست دے سکتا ہے تو یہ اس کی بھول ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی،بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال کو مستقل بنیادوں پر مانیٹر کیا جارہا ہے۔