راولپنڈی۔8اپریل (اے پی پی):بلوچستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 2 دہشت گرد مارے گئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 سکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 7/8 اپریل کی رات کو بلوچستان کے علاقے مشکئی کے قریب دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے ان کی گرفتاری کے لیے آپریشن کیا۔
جب سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے میں ناکہ بندی کے لیے پوزیشنیں سنبھالنا شروع کیں تو دہشت گردوں نے اپنے ٹھکانے سے فرار ہونے کی کوشش کی اور سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کردی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں بی ایل ایف سے تعلق رکھنے والے 2 دہشت گرد مارے گئے۔
یہ دہشت گرد ضلع آواران اور گردونواح میں امن و سکیورٹی کی صورتحال خراب کرنے کے مختلف واقعات میں ملوث تھے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
آپریشن کے دوران دو بہادر سپوت لانس حوالدار راج ولی خان اور سپاہی اسامہ خان شہید ہو گئے جبکہ ایک اہلکار زخمی بھی ہوا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔