16 C
Islamabad
پیر, مارچ 17, 2025
ہومضلعی خبریںبلوچستان میں دہشت گردی کا واقعہ ملک کی سالمیت کے خلاف ایک...

بلوچستان میں دہشت گردی کا واقعہ ملک کی سالمیت کے خلاف ایک سازش ہے، شرجیل انعام میمن

- Advertisement -

حیدرآباد۔ 16 مارچ (اے پی پی):سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کا واقعہ ملک کی سالمیت کے خلاف ایک سازش ہے، جس میں بھارت سمیت دیگر غیر ملکی عناصر کے ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی کوشش ہیں، جنہیں ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔ راول ہاؤس راہوکی میں افطار ڈنر کی میزبانی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ بلوچستان میں ان لوگوں سے بات چیت ہونی چاہیے جو مثبت سوچ رکھتے ہیں اور پاکستان کی سالمیت کے حامی ہیں۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی نے ایک اہم قرارداد کو اکثریت سے منظور کیا ہے، جس سے صوبے کے حقوق کے تحفظ کا اعادہ کیا گیا ہے۔ پانی کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ ہم کسی بھی صورت سندھ کے پانی کو تقسیم نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قوم پرست سیاستدان نہروں کے معاملے کو بنیاد بنا کر سیاست چمکانے کی کوشش کر رہے ہیں، حالانکہ عوام انہیں انتخابات میں مسترد کر چکی ہے۔

شرجیل انعام میمن نے مولانا فضل الرحمان کی سیاست کو مثبت اور پاکستان کے لیے ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک قابل احترام سیاستدان ہیں اور ملک کو ان کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں جتنی بھی غیر قانونی پارکنگ چل رہی ہے، ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی، اور سندھ کے بے روزگار نوجوانوں کو "آئی ورک فار سندھ” پورٹل میں شامل ہوکر روزگار کے مواقع حاصل کرنے چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے حقوق پر کسی قسم کی سودے بازی نہیں کی جائے گی۔ افطار ڈنر میں صوبائی وزیر اوقاف سید ریاض حسین شاہ شیرازی، صوبائی وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں، کارکنوں سمیت دیگر معززین اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573292

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں