بلوچستان میں زرعی ٹیوب ویلز کوشمسی توانائی پرمنتقل کرنے کامنصوبہ رواں سال مکمل ہوگا، وزیرتوانائی سرداراویس لغاری کاقومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران جواب

98

اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):قومی اسمبلی کوبتایاگیاہے کہ بلوچستان میں زرعی ٹیوب ویلز کوشمسی توانائی پرمنتقل کرنے کامنصوبہ رواں سال مکمل ہوگا، فی ٹیوب ویل 20لاکھ روپے کی سبسڈی دی جارہی ہے۔ بدھ کوقومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران شائستہ خان کے سوال پروفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمدخان لغاری نے کہاکہ وزیراعظم نے چندماہ پہلے بلوچستان میں زرعی ٹیوب ویلز کوشمسی توانائی پرمنتقل کرنے کیلئے 56ارب روپے کامنصوبہ شروع کیاہے، اس میں 20فیصدحکومت بلوچستان دے رہی ہے، 27ہزارٹیوب ویلز کوئٹہ کے نیشنل گرڈ سے منسلک ہیں،

ہم فی ٹیوب ویل 20لاکھ کی سبسڈی دے کراسے نیشنل گرڈ سے ہٹارہے ہیں،اس سال کے اندریہ منصوبہ مکمل ہوگا، اس سے قومی گرڈسے بجلی چوری کی روک تھام میں مددملے گی۔راناحیات خان کے ضمنی سوال پرانہوں نے کہاکہ بجلی چوری کی روک تھام اورریکوری کیلئے ٹیمیں بنائی گئی ہے، اس کونظام کوملتان میں لاگوکیاگیاہے اورمزیدتین ڈسٹری بیوشن کمپنیوں تک اس کااطلاق کیاجارہاہے۔