بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ5شہروں میں250گھروں کی تعمیر مکمل ،وزیراعلیٰ نے چابیاں متاثرین کے حوالے کردیں

144
Public Accounts Committee

کوئٹہ۔ 15 جنوری (اے پی پی):بلوچستان میں 2022 کے سیلاب سے متاثرہ 5شہروں میں 250گھروں کی تعمیر مکمل کرلی گئی ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفرازبگٹی نے تعمیر کردہ گھروں کی چابیاں سیلاب متاثرین کے حوالے کردی ۔بدھ کو کوئٹہ میں2022کے سیلاب سے متاثرہ5شہروں میں 250مکانات کی تعمیر مکمل کرلی گئی ہے ،یہ مکانات غیر سرکاری فلاحی ادارے کشمیر آرفین ریلیف ٹرسٹ کے تعاون سے مکمل کئے گئے ہیں ۔تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفرازبگٹی تھے ۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کوئٹہ سٹی ، پشین ، قلعہ سیف اللہ اور صحبت پور میں تعمیر شدہ گھر متاثرین کے حوالے کر دئیے ۔صوبائی وزرا میر سلیم احمد خان کھوسہ، میر عاصم کرد گیلو ، پارلیمانی سیکرٹری حاجی برکت رند، پاکستان پیپلزپارٹی کے سنیئر رہنما سید اقبال شاہ ،بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے وائس چیئرمین بلاول خان کاکڑ کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات ،چیئرمین کشمیر آرفین ریلیف ٹرسٹ چوہدری محمد اختر سمیت و دیگر حکام بھی موجود تھے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی بلوچستان میرسرفراز بگٹی نے کہاکہ سیلاب متاثرین کی مدد انسانیت کی بے لوث خدمت ہے کشمیر آرفین ریلیف ٹرسٹ جیسے ادارے عوام کے لئے امید کی کرن ہیں ایسے اداروں کی ہر ممکن معاونت اور حوصلہ افزائی کریں گے، بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بحالی منصوبہ تعطل کا شکار ہے ۔انہوں نے کہاکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچا کر متاثرین کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق سندھ کی طرز پر گھروں کی تعمیر مکمل کرکے غریب متاثرین کے حوالے کریں گے۔ سندھ حکومت یہ کام کرسکتی ہے تو ہم بھی یہ استعداد کار رکھتے ہیں بحالی منصوبے کی جلد تکمیل کے خواہاں ہیں،بلوچستان میں یتیم بچوں اور بچیوں کے لئے عظیم الشان ادارہ قائم کریں گے،اس مقصد کےلئے بلوچستان حکومت بلا معاوضہ اراضی فراہم کرے گی کشمیر میں زلزلے کے وقت پوری قوم متاثرین کے ساتھ کھڑی تھی ،بلوچستان کے لوگوں نے مشکل وقت میں کشمیر بھائیوں کا دکھ بانٹا ، کشمیر آرفین ریلیف ٹرسٹ نے بلوچستان کے لوگوں کی مدد کرکے بے لوث خدمت خلق کا قرض لوٹا دیا اس کارخیر میں حصہ لینے والے تمام ڈونرز، شخصیات، مخیر حضرات اور رضا کاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔بلوچستان بدل رہا ہے اور بدلے گا ہم سب مل کر صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے ۔