اسلام آباد۔7اپریل (اے پی پی):قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ بلوچستان میں بی آئی ایس پی میں کوئی نئی تقرری نہیں کی گئی، بلوچستان میں مستحق خواتین کوامدادکی فراہمی کیلئے معقول اقدامات کئے گئے ہیں۔
پیرکو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران عالیہ کامران کے سوال پرپارلیمانی سیکرٹری اظہرلغاری نے ایوان کوبتایا کہ بلوچستان میں بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کے حوالہ سے جغرافیائی محل وقوع، تعلیم، بینکوں اورمتعلقہ اداروں کے دفاتر جیسے عوامل کی وجہ سے ڈسٹری بیوشن کے مسائل موجودہیں لیکن اس کے باوجود 150سے زیادہ مراکز قائم کئے گئے ہیں،تحصیل سطح پردفاتر کے علاوہ 18موبائل یونٹس بھی بنائے گئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں مستحق خواتین کوامدادکی فراہمی کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں بی آئی ایس پی میں کوئی نئی تقرری نہیں کی گئی ہے بلکہ پہلے سے کنٹریکٹ پررکھے گئے ملازمین کورکھاگیاہے۔آغارفیع اللہ کے سوال پرڈاکٹرطارق فضل چوہدری نے کہاکہ بی آئی ایس پی دنیابھرمیں مثالی پروگرام ہے، اس پروگرام کی پوری دنیا میں تعریف ہورہی ہے، پاکستان بیت المال کے ذریعہ بھی مستحقین کی مددکی جارہی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=579223