بلوچستان میں مون سون کا دوسرا اسپیل 11 جولائی سے داخل ہوگا،محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری

محکمہ موسمیات نے بلوچستان میں مون سون بارشوں کے دوسرے اسپیل کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 11 اور 12 جولائی کے دوران صوبے کے شمالی اور وسطی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

کوئٹہ۔ 10 جولائی (اے پی پی):محکمہ موسمیات نے بلوچستان میں مون سون بارشوں کے دوسرے اسپیل کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 11 اور 12 جولائی کے دوران صوبے کے شمالی اور وسطی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے آنے والی مرطوب ہوائیں مسلسل ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جبکہ مغربی ہواں کا نیا سلسلہ بھی 11 جولائی سے اثر انداز ہوگا، جس کے باعث ژوب، شیرانی، دکی، کوہلو، ہرنائی، لورالائی، بارکھان، موسی خیل، ڈیرہ بگٹی، خضدار اور گردونواح میں 11 اور 12 جولائی کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر موسلا دھار بارش متوقع ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارشوں اور تیز ہواں کے باعث کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، جبکہ بعض علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے، ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے نے ژوب، شیرانی، کوہلو، دکی، ہرنائی، لورالائی، بارکھان، موسی خیل، ڈیرہ بگٹی اور خضدار کے ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو ہدایت کی ہے کہ وہ الرٹ رہتے ہوئے تمام ضروری احتیاطی اقدامات یقینی بنائیں اور موسم کی صورتحال سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر کو ارسال کریں۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خستہ حال عمارتوں میں رہائش اختیار نہ کریں، ندی نالوں، برساتی ریلوں اور پکنک مقامات کا رخ کرنے سے اجتناب کریں، جبکہ کسان موسمی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی زرعی سرگرمیاں ترتیب دیں۔