بلوچستان میں کارنل ٹرانسپلانٹ کیلئے خصوصی یونٹ کاقیام عمل میں لایاجائے گا،صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ

94

کوئٹہ۔ 23 اپریل (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ نے کہاہے کہ بلوچستان میں کارنل ٹرانسپلانٹ کیلئے خصوصی یونٹ کاقیام عمل میں لایاجائے گا،آئندہ بجٹ میں کارنل ٹرانسپلانٹ یونٹ کیلئے جامع منصوبہ بندی اور مطلوبہ بجٹ مختص کیاجائے گا صحت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں ،بلوچستان میں انٹیگریٹڈ ایمبولینس سروس سے متعلق مشاورت کی گئی ہے جس پر مزید بھی غور کیاجائے گا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے بلوچستان میں کارنل ٹرانسپلانٹ اور مرک کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری صحت مجیب الرحمن پانیزئی ،ڈی جی مرک 1122 محمد ذوالفقارجتوئی ،ڈائریکٹرز فیصل شریف ،سمیع الرحمن ،ریاض احمد نے شرکت کی ۔اجلاس میں بلوچستان میں انٹیگریٹڈ ایمبولینس سروس شروع کرنے کے منصوبے پر تفصیلی مشاورت ہوئی اس حوالے سے مختلف پہلوئوں کا جائزہ لیاگیا۔ صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہاکہ میڈیکل ایمرجنسی ریسپانس سینٹرمرک(1122) کا ایمرجنسی میں ریسپانس بہترین ہے ،ٹریفک حادثات میں فرسٹ ایڈ کے حوالے سے مرک ٹیمیں متحرک ہیں ،بلوچستان میں انٹیگریٹڈ ایمبولینس سروس کے حوالے سے بہترین لائحہ عمل کے ساتھ بڑھیں گے جس کے دو رس نتائج برآمد ہوں۔وزیر صحت کی زیر صدارت کارنل ٹرانسپلانٹ کے حوالے سے بھی اہم اجلاس ہوا ۔

میٹنگ کا مقصد امریکہ میں موجود پاکستانی ڈاکٹرز کے ساتھ مل کر بلوچستان میں کارنل کی پیوندکاری کے نظام کو بہتر اور موثر بنانا تھا۔اس موقع پر وزیر صحت اور سیکرٹری صحت نے ڈاکٹر فواد ظفر اور ڈاکٹر اجمل پانیزئی کی خدمات کو دل کی گہرائی سے سراہا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ بلوچستان حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔مزید یہ کہ کارنل ٹرانسپلانٹ کے لیے ایک خصوصی یونٹ جلد قائم کیا جائے گا، اور جون 2025 تک مکمل منصوبہ بندی اور مطلوبہ بجٹ بھی مختص کر دیا جائے گا، تاکہ اس منصوبے کو عملی شکل دی جا سکے۔