بلوچستان ٹماٹر کی پیداوار میں پہلے، خیبر پختونخوا دوسرے نمبر پر آگیا، ترجمان نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت پنجاب

252
Cultivation of tomato

فیصل آباد ۔ 26 دسمبر (اے پی پی):پاکستان میں ٹماٹر کی پیداوار کے لحاظ سے بلوچستان پہلے، خیبر پختونخوادوسرے، سندھ تیسرے اور پنجاب چوتھے نمبر پر آگیاہے۔

نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے بتایاکہ رواں سال کے پیداواری اعداد و شمار کے مطابق بلوچستان ٹماٹر کی40.35 فیصد پیداوار، خیبر پختونخوا 28.80فیصد، سندھ 17.96 اور پنجاب 12.90 فیصد پیداوار کاحامل رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سب سے زیادہ ٹماٹر پیدا کرنے والے اضلاع میں گوجرانوالہ پہلے،مظفر گڑھ دوسرے، ننکانہ صاحب تیسرے، رحیم یار خان چوتھے، شیخوپورہ پانچویں، سرگودھا چھٹے اور فیصل آباد ساتویں نمبر پر رہا ہے۔

انہوں نے بتایاکہ ٹماٹر کی فصل انتہائی نازک فصل ہے جسے زیادہ دیر تک سٹور نہیں کیاجاسکتا۔ انہوں نے بتایاکہ ٹماٹر کی شاندار پیداوار کی کھپت اور اس کی مناسب قیمت کاحصول اسی وقت ممکن ہے جب ٹماٹر سے مختلف مصنوعات پیداکرنے کی جانب توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ٹماٹر سے تیارکردہ مصنوعات برآمد کرکے قیمتی زرمبادلہ حاصل کرسکتاہے۔