پشین۔ 16 ستمبر (اے پی پی):بلوچستان کی تاریخ کے سب سے بڑے ایونٹ ” خدمت خلق فاؤنڈیشن انٹرنیشنل کی 31 ویں سالگرہ کی تقریب” کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔تقریب میں پانچ ہزار سے زائد افراد شریک ہوں گے۔ دبئی، یو کے، یو اے ای، لندن، فرانس، ملائشیا اور دیگر ممالک سے بھی مندوبین شریک ہو رہے ہیں۔ تقریب میں وزیراعظم پاکستان، وفاقی وزراء ،گورنر وزیراعلی بلوچستان سمیت اعلیٰ سرکاری، سیاسی، سماجی، قبائلی شخصیات کی شرکت بھی یقینی متوقع ہے۔
سالگرہ کے موقع پر گرینڈ میڈیکل نائٹ کے ساتھ ساتھ دیگر رنگارنگ پروگرام بھی پیش کیے جائیں گے۔ جبکہ مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ملکی، بین الاقوامی شخصیات کو گولڈمیڈلز ، شیلڈز اور دیگر اعزازات سے بھی نوازا جائے گا۔ سالگرہ کی تقریبات کے حوالے سے خدمت خلق فاؤنڈیشن انٹرنیشنل کا اہم اجلا س مرکزی افس زرغون روڈ میں منعقد ہوا۔ جس کی صدارت تمغہ امتیاز چیئرمین کے۔ کے۔ ایف نعمت اللہ ظہیر نے کی۔ جس میں خدمت خلق فاؤنڈیشن انٹرنیشنل کوئٹہ، پشین اور کراچی کے مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی اراکین عہدیداران اور ضلعی نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں 31ویں سالگرہ کی تقریب کے انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اور اہم فیصلے کیے گئے۔ جبکہ مختلف کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئیں۔ کمیٹیاں روزانہ کی بنیاد پر مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کو اپنے رپورٹس پیش کریں گے۔ اس موقع پر تقریب کے مرکزی آرگنائزر چیئرمین خدمت خلق فاؤنڈیشن انٹرنیشنل نعمت اللہ ظہیر نے اجلاس کو اپنے اعلیٰ سطحی رابطوں اور تقریبات میں اعلیٰ شخصیات کی یقینی شرکت کی تفصیلات سے اگاہ کیا۔ چیئرمین نے گرینڈ میوزیکل نائٹ میں معروف گلوکاروں کی شرکت سے بھی اجلاس کو اگاہ کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نعت اللہ ظہیر نے تمام رضاکاروں، فاؤنڈیشن کے عہدے داران، اراکین مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی انتظامیہ اور دیگر اداروں کا شکریہ ادا کیا۔ جنہوں نے اپنی تمام تر توانائیاں 29 ستمبر کو ہونے والی تقریب کے لیے صرف کر رکھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 29 ستمبر کی تقریب بلوچستان کی تاریخ کے سب سے بڑی اور اہم تقریب ہوگی۔ جو نہ صرف ہمارے لیے سنگ میل ثابت ہوگا بلکہ ہمیں نئی راہیں متعین کرنے کا موقع بھی ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ گرینڈ ایونٹ ان تمام غریب، نادار لوگوں مریضوں طلبہ اور دیگر انسانوں کی دعاؤں کا نتیجہ ہے۔ جن کی خدمت خلق فاؤنڈیشن انٹرنیشنل نے ہر موقع پر خدمت کی ہے۔
اور خدمت خلق فاؤنڈیشن انٹرنیشنل ان کے لیے سخت تپتی دھوپ میں سایہ دار درخت بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ شخصیات، لوگ اور ادارے خراج تحسین اور شکریہ کے مستحق ہیں جو اس سایہ دار درخت کی آبیاری کر کے ضرورت مندوں کو چھاؤں فراہم کر رہے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=391359