کوئٹہ۔10جنوری (اے پی پی)وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے صوبے سے پسماندگی کے خاتمے کے لئے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے پارلیمانی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفد میں بلوچستان اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر سردار بابر موسی خیل صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ میر عمر خان جمالی وزیر اعلی بلوچستان کے معاون برائے توانائی مبین خان خلجی۔ نوابزادہ محمد شریف جوگیزئی پی ٹی آئی بلوچستان کے ترجمان بابر یوسف زئی و دیگر رہنماءشامل تھے وفاقی وزیر نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی کے منتخب اراکین پی ٹی آئی صوبے کی تعمیر و ترقی و عوامی مفاد کے لئے موثر قانون سازی کے عمل میں متحرک و نمایاں کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ دورہ کوئٹہ کے دوران وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان سے ملاقات میں بلوچستان کے قدرتی وسائل کی ترقی اور صوبے کے عوام کے معیار زندگی کی بہتری اور سوشل سیکٹر میں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کی مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کرکے صوبے کی ترقی کے لئے مربوط حکمت عملی کی تشکیل پر مشاورت کی جائے گی اور پائیدار ترقی کے اس عمل میں وفاقی حکومت دستیاب وائل کے مطابق بلوچستان حکومت سے ہر ممکن تعاون کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں عوام نے ہماری حکومت سے جو توقعات وابستہ کررکھی ہیں ان پر پورا اتریں گے اور کرپشن فری پاکستان کی بنیاد رکھ کر مجموعی صورتحال کو مثبت سمت پر گامزن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مثبت پالیسوں کی بدولت ملک کو درپیش معاشی و اقتصادی مشکلات بتدریج ختم ہونگی اور پاکستان کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرکے قائد اعظم محمد علی جناح اور اقبال کے خواب کی عملی تعبیر دیں گے۔ قبل ازیں وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان دو روزہ دورے پر جمعرات کے روز کوئٹہ پہنچے۔ ائیر پورٹ پہنچنے پر ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر موسی خیل، وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے توانائی مبین خان خلجی ،پی ٹی آئی بلوچستان کے ترجمان بابر یوسف زئی سمیت پی ٹی آئی بلوچستان کی سینئر قیادت اور کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے وفاقی وزیر کا استقبال کیا۔