بلوچستان کی خواتین نے ہر شعبہ زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے،وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ کا کوئٹہ میں تقریب سے خطاب

146

کوئٹہ۔12نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین نے تمام شعبہ زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے،خواتین کی شرکت کے بغیر معاشرے میں ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں سکتا،دور جدید کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے خواتین کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،خواتین ملکی آبادی کانصف ہیں حکومت انہیں ہر شعبہ میں ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنے کے لئے پر عزم ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کوبلوچستان ریفارمز اور الفوز کلکشن کے زیراہتما م منعقدہ بیسٹ اچیومنٹ ایوارڈکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر الفوز کلکشن کی چیف فوزیہ سلیم کاسی،بلوچستان وومن بزنس فورم کی صدر فائزہ مینگل ، سید سلیم رضا ایڈووکیٹ اور پاکستان ویمن رائٹس ایسوسی ایشن کی چیف آرگنائزر سعیدہ بانو نے بھی خطاب کیا ۔

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ نے کہا کہ وفاقی حکومت خواتین کی فلاح و بہبود کے مختلف منصوبوں پر کام کررہی ہے اور ہم خواتین کو ہر شعبہ میں ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنے کے لئے پر عزم ہیں کیونکہ کسی بھی معاشرے میں خواتین کی شمولیت کے بغیر ترقی نہیں کی جاسکتی ۔

قبل ازیں تقریب میں مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ نےگرلز کیڈٹ کالج کی پرنسپل شبانہ سلطان،جوڈیشل آفیسر شائستہ کاسی،پروفیسر شاہدہ حبیب علیزئی،ڈاکٹر عابدہ گل،انجنیئر صدف الماس،سنیئر صحافی ملک عرفان،بشری میروانی،ماریہ غفور،نبیلہ حیدر،ناہیدہ کاسی،ماہ رخ،نازیہ،امبرین خان،نورین ناز، فردوس،مشال مرزا،ذاکرہ اچکزئی،رابیل آفرین،ذینش،لبنی بادینی،اقصی بادینی،صائمہ گل،حمیدہ بانو،فائزہ شمس،زارا خان،سمیرا اور دیگرمیں اپنے اپنے شعبہ میں نمایاں کاکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ایوارڈز تقسیم کئے

۔ تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی کو شیلڈ جبکہ تمام ٹیم ممبران کو سرٹیفکیٹ بھی دیئے گئے۔