کوئٹہ۔ 27 مئی (اے پی پی):پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے کہاہے کہ بلوچستان کی پہلی یوتھ پالیسی نوجوانوں کودرپیش مسائل کاادارہ جاتی حل ہے ،میرے لئے باعث فخر ہے کہ نوجوانوں کے ساتھ کیاگیا ایک وعدہ پور کیاہے ۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے یوتھ پالیسی کی لانچنگ سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ نوابزادہ جمال رئیسانی نے کہاکہ بلوچستان کی پہلی یوتھ پالیسی لانچ ہو رہی ہے۔ یہ تاریخی پالیسی میں نے نگران حکومت کے دوران نوجوانوں کی امنگوں، مسائل اور تجاویز کو سامنے رکھ کر ڈرافٹ کی اور اب وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں عملی شکل اختیار کر رہی ہے۔یہ صرف ایک پالیسی نہیں بلکہ نوجوانوں کو درپیش چیلنجز کا ادارہ جاتی حل، ان کی آواز کو حکومتی سطح پر جگہ دینے، اور انہیں ترقی، تعلیم، روزگار و قیادت کے مواقع فراہم کرنے کی بنیاد ہے۔
ایک نوجوان نمائندہ کی حیثیت سے بلوچستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانامیرے لیے صرف ایک ذمہ داری نہیں بلکہ ایک مشن ہے اور مجھے فخر ہے کہ میں نے نوجوانوں سے کیا ایک اور وعدہ پورا کیا۔ یہ پالیسی اس سفر کا آغاز ہے، جہاں نوجوان صرف پیروکار نہیں بلکہ رہنما ہوں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=601771