اسلام آباد۔7فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی (پاور ڈویژن) سردار اویس احمد خان لغاری نے بلوچستان کے خوبصورت قدرتی مناظر اور لینڈ سکیپ فوٹوگرافی سے متعلق کتاب شائع ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کتاب سے عوام میں علاقے سے متعلق آگاہی پیدا ہو گی اور دنیا کے سیاح علاقے کی جانب متوجہ ہوں گے۔
جمعہ کو پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس(پی این سی اے) میں طاہرخان کیانی اور عزیز احمد جمالی کی کتاب "بلوچستان: ایئر پینوراماز اینڈ لینڈ سکیپس” (Balochistan: Air Panoramas & Landscapes) کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری خوش قسمتی ہے کہ میں بلوچستان سے متعلق ایک اہم کتاب کی تقریب رونمائی میں موجود ہوں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ میں کتاب کے مصنفین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ، بلوچستان مستقبل میں پاکستان کی معیشت کا اہم حصہ بن کر ابھرے گا، پاکستان کا یہ اہم صوبہ معدنیات اور قدرتی ذخائر سے مالا مال ہے ،ہمیں بلوچستان کی ہر تصویر کے ساتھ منسلک کہانی کو نوجوانوں تک پہنچانا ہو گا۔ اویس لغاری نے کہا کہ اس کتاب کی وجہ سے میں نے بلوچستان کے حوالے سے بہت کچھ دیکھا جومجھے پہلے معلوم نہ تھاحالانکہ ہمارے قبیلے کا بلوچستان سے گہرا اور پرانا تعلق ہے۔
وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ کتاب کے مصنفین نے بلوچستان کی اصل خوبصورتی کو پیش کیا ہے،ہم بلوچستان کے نظروں سے اوجھل حسین نظاروں کو دنیا کے سامنے لانے کے لئے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل کو کتابوں کی بہت ضرورت ہے،بلوچستان کو اللہ تعالی نے بے شمار حسن سے نوازا ہے ،بلوچستان آج دہشت گردی اور دیگر مسائل کا شکار ہے، یہ کتاب بلوچستان کے حسن کو لوگوں تک پہنچانے میں معاون ثابت ہو گی ۔
اویس لغاری نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کی معیشت کا اہم حصہ ہے،بلوچستان بہت سارے قدرتی وسائل سے مالا مال ہے،ہمیں بلوچستان کےچھپے خزانوں اور اسکےکے تمام علاقوں کا جغرافیہ اور ثقافت سب کے سامنے لانے کی ضرورت ہے۔وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے طاہر خان کیانی اور عزیز احمد جمالی کو کتاب کی اشاعت پر مبارکباد دی اور توقع ظاہر کہ آئندہ بھی یہی جذبہ اور سلسلہ جاری رکھیں گے۔