بلوچستان کے صحافی مشکل حالات میں کام کر رہے ہیں، ان کی زیادہ سے زیادہ سرپرستی کی ضرورت ہے، چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی بلوچستان پریس کلب کے صحافیوں کے وفد سے گفتگو

109
چیئرمین سینیٹ کا باقاعدہ سیاسی رابطوں کا آغاز،پارلیمان ہی سیاسی مسائل کے حل کے لیے موزوں فورم ہے، محمد صادق سنجرانی

اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے صحافی مشکل حالات میں کام کر رہے ہیں، ان کی زیادہ سے زیادہ سرپرستی کی ضرورت ہے، صحافیوں کی فلاح و بہبود اور تحفظ کے لئے قانون سازی سمیت دیگر اقدامات پر متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان پریس کلب کے صحافیوں کے وفد سے ملاقات میں کیا۔ بدھ کو سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ملک و قوم کے لئے صحافیوں کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، میڈیا ریاست کا اہم ستون ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ورکرز جان ہتھیلی پر رکھ کر اپنے فرائض سر انجام دیتے ہیں، آزادانہ صحافت ہی ملک میں جمہوری رویوں کے فروغ میں معاون ثابت ہوتی ہے، بلوچستان کی نوجوان نسل باصلاحیت اور قابل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں عملی اقدامات اٹھاتے ہوئے نوجوان نسل میں کاروبار اور کاروباری سرگرمیوں کی اہمیت کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر سینیٹر احمد خان اور سینیٹر نصیب اللہ بازئی بھی موجود تھے۔ چیئرمین سینیٹ نے صحافیوں سے مسائل کے حل کے لئے سفارشات بھی طلب کر لیں۔ چیئرمین سینیٹ نے مسائل کے حل کے لئے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔