راولپنڈی ۔29جون (اے پی پی):سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع دکی میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کے دوران ہندوستانی پراکسی، فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 2 بھارتی سپانسر دہشت گردوں کو جہنم واصل جبکہ دو دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی جانب سے اتوار کو جاری پریس ریلیز کے مطابق سیکورٹی فورسز نے 28 جون 2025 کو بلوچستان کے ضلع دکی میں ہندوستانی پراکسی، فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے موثر انداز میں بھارتی سپانسر دہشت گردوں کے ٹھکانے کا سراغ لگایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں دو بھارتی سپانسر دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا جبکہ دو دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔بھارتی سپانسر ڈ دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے جو علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم تھے۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دوسرے دہشت گرد کا صفایا کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے، پاکستان کی سیکورٹی فورسز ملک سے ہندوستانی سپانسر شدہ دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور دہشت گردی کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے قوم کے غیر متزلزل عزم کی تصدیق کرتی ہیں۔