اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):بلوچستان کی سرزمین ہمیشہ سے حب الوطنی کی گواہ رہی ہے پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے راہنما اور رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان رئیسانی نےکہا ہے کہ بلوچستان کے عوام نے ثابت کیا کہ وہ دیگر صوبوں کے عوام کی طرح محب وطن ہیں۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس وقت بلوچستان میں قومی پرچم لہرایا جب اسے گناہ سمجھا جاتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ میرے والد اور بھائی کو 300 ساتھیوں سمیت صرف اس لئے شہید کیا گیا کہ ہم نے پاکستان کے سبز ہلالی پرچم کو بلند کیا۔ مگر اس کے بعد حالات میں بہتری آنا شروع ہوئی اور بلوچستان کے عوام نے ثابت کیا کہ وہ دیگر صوبوں کے عوام کی طرح محب وطن ہیں۔نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے مزید کہا کہ 2017 میں ملک کا سب سے طویل ترین پرچم لہرایا گیا، اور آج بلوچستان کا کوئی ایسا حصہ نہیں جہاں قومی پرچم نہ لہرایا جاتا ہو یا قومی ترانہ نہ پڑھا جاتا ہو۔
انہوں نے کہا کہ عمر ایوب فوجی پس منظر رکھنے کے باوجود بلوچستان کے حوالے سے غلط اعداد و شمار پیش کر رہے ہیں، جو کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کے خلاف منفی پروپیگنڈے سے گریز کیا جائے اور حقیقی حب الوطنی کو تسلیم کیا جائے۔