راولپنڈی ۔10دسمبر (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کی سلامتی اور تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی تاکہ پائیدار امن اور خوشحالی کے نتیجے میں سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے سازگار ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف نےبلوچستان (کوئٹہ اور تربت) کا دوروزہ دورہ کیا۔ دورہ کے پہلے دن آرمی چیف نے کور ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور یادگارشہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ بعد ازاں آرمی چیف کو آپریشنل، ٹریننگ اور فارمیشن کے دیگر امور پر تفصیلی آگاہ کیاگیا۔
آرمی چیف نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ اور اسکول آف انفنٹری اینڈ ٹیکٹکس کا بھی دورہ کیا اور نوجوان افسران اور انسٹرکٹرز سے بات چیت کی اور انہیں مستقبل کے میدان جنگ کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے پیشہ ورانہ مہارت پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی۔دورے کے دوسرے روزچیف آف آرمی سٹاف نے تربت کا دورہ کیا۔
آئی جی ایف سی جنوبی بلوچستان نے آرمی چیف کو جنوبی بلوچستان میں سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال اور محفوظ ماحول کو یقینی بنانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
آرمی چیف نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کی سلامتی اور تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی تاکہ پائیدار امن اور خوشحالی کے نتیجے میں سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے سازگار ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔قبل ازیں آرمی چیف کا کوئٹہ پہنچنے پر کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے استقبال کیا۔