بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بڑھتی ہوئی خشک سالی سے نمٹنے کےلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے ہوں گے، محمد صادق سنجرانی

73

اسلام آباد ۔ 31 جنوری (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بڑھتی ہوئی خشک سالی کے باعث عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے اور لوگ اندرون صوبہ ایک جگہ سے دوسری جگہ نقل مکانی کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ سماجی تنظیمو ں، حکومتی مشینری اور فلاحی اداروں کی معاونت سے ایسے علاقوں میں پانی کی فراہمی کےلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹر ثناءجمالی کی سربراہی میں قومی و بین الاقوامی فلاحی اداروں اور غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندوں کے وفد سے ملاقات میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک اجتماعی مسئلہ ہے اور اس کےلئے مل کر کوششیں کرنا ہوں گی۔ چیئر مین سینیٹ نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں خصوصاً چاغی اور اس سے ملحقہ علاقہ جات میں پانی کے ذخائر اور خاص طور پر زیر زمین پانی ناپید ہوتا جارہا ہے اور اس سلسلہ میں بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے اور حکومتی سرپرستی میں ایسے منصوبے شروع کرنے کی اشد ضرورت ہے جس سے زیر زمین پانی کی سطح کو بلند کیا جا سکے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ جہاں پانی کے ذخائر پر توجہ دینے کی ضرورت ہے وہاں عوامی سطح پر بھی شعور اجاگر کیا جائے تاکہ پانی کے استعمال میں احتیاط کے ذریعے پانی کو ضائع ہونے سے بچایا جائے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عالمی سطح پر اکثر ممالک کو ایسی صورتحال درپیش رہی ہے لیکن عملی اقدامات، ٹھوس پالیسی سازی اور بہتر رابطہ کاری کے ذریعے اس مسئلہ پر قابو پایا گیا ہے اور ہم ان ملکوں کے تجربات سے استفادہ کر سکتے ہیں۔