اسلام آباد۔10دسمبر (اے پی پی):جے یوآئی (ف )کے رہنما اوررکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفورحیدری نے بلوچستان کے مسئلہ کے حل کیلئے بامقصد اوربااختیارمذاکرات شروع کرنے پر زور دیاہے۔منگل کوقومی اسمبلی کے اجلاس میں نکتہ اعتراض پرانہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مسئلہ کے حل کیلئے بامقصد اوربااختیارمذاکرات کی ضرورت ہے، ایک ایسی ٹیم کی ضرورت ہے جس کے پاس تمام شراکت داروں کے ساتھ مذاکرات کااختیارہو۔ انہوں نےکہاکہ بلوچستان میں بلوچ اور پشتوں دونوں رہتے ہیں اور دونوں کے مسائل ایک جیسے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں پولیس کی رٹ نہیں ہے، وزیراعلیٰ اپنی توجہ ڈی چوک سے ہٹاکرصوبہ پرمرکوزکریں۔انہوں نے کہاکہ انہوں نے درد د ل کے ساتھ اپنا مدعا ایوان کے سامنے رکھاہے۔انہوں نے کہاکہ 26ویں آئینی ترامیم کے بعد تمام بلوں پردستخط ہوگئے تھے تاہم مدارس کے حوالہ سے بل پرابھی تک دستخط نہیں کئے گئے جوافسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مختلف علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں مگروہاں بجلی اورگیس کا فقدان ہے۔