اسلام آباد۔18مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن )کی حکومت نے بلوچستان کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے ماضی میں متعدد اہم تعلیمی منصوبے شروع کئے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ بلوچستان کے عوام کو ان منصوبوں سے مکمل آگاہی فراہم کی جائے تاکہ بلوچستان میں دہشت گردی کرنے والے گروہوں کی سازشوں کو ناکام بنایا جا سکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ 2013 سے 2018 کے دوران مسلم لیگ (ن ) کی حکومت نے بلوچستان کے طلبہ کے لئے ملک کی بہترین یونیورسٹیوں میں 5,000 سکالرشپس فراہم کئے جبکہ پی ڈی ایم حکومت کے دوران مزید 5,000 سکالرشپس فیز ٹو میں دیئے گئے۔
انہوں نے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کو ہدایت کی کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو تعلیم اور ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لئے فوری طور پر ایک جامع اور مؤثر حکمتِ عملی مرتب کی جائے تاکہ وہ ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کا حصہ بن سکیں۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو مثبت نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں شامل کیا جائے اور ان کے لئے اعلیٰ تعلیمی مواقع فراہم کئے جائیں، اس سلسلے میں انہوں نے جامعات کے وائس چانسلرز کو ہدایت کی کہ وہ علاقائی بنیادوں پر یونیورسٹیوں میں گروہ بندی کے خاتمے کے لئے ہاسٹلوں میں طلبہ کو مختلف علاقوں کے ساتھ رہائش دیں تاکہ ان میں یکجہتی پیدا ہو ۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت نوجوانوں کی بہتری اور ان کے روشن مستقبل کے لئے ہر وقت کوشاں ہے اور انہیں تعلیمی و ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے قومی دھارے میں شامل کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573909