کوئٹہ۔ 06 فروری (اے پی پی):بلوچستان ہیلتھ کیئر پروگرام (بی ایچ سی پی ) ٹیم اور نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا)حکام کے درمیان بی ایچ سی پی کے تحت خدمات کی فراہمی کے دوران کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ اور سینٹرل مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم ( سی ایم آئی ایس ) سے متعلق آپریشنل مسائل کے حل کے لیے اعلیٰ سطحی ملاقات ہوئی ۔
ملاقات کا مقصد بی ایچ سی پی کو استفادہ کنندگان کی شناخت کی تصدیق اور سی ایم آئی ایس کے ذریعے ڈیٹا کے انتظام میں درپیش چیلنجزسے نمٹنا تھا۔ بی ایچ سی پی کی ٹیم کی سربراہی ڈائریکٹر ایڈمن ڈاکٹر احمد ولی اور نادرا کی ٹیم کی قیادت بی ایچ سی پی کے لیے پروگرام منیجر شہزاد پراچہ نے کی۔
ملاقات کے دوران اہم فیصلے کئے گئے جن میں نادرا نےکمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ سے متعلقہ مسائل کو حل کرنے کے لیےبی ایچ سی پی کو موثرتکنیکی مدد فراہم کرنے پر اتفاق کیا گیا،میٹنگ کے شرکا نےسی ایم آئی ایس آپریشنز ، قومی شناختی کارڈ اور ب۔فارم کی تصدیق کے عمل پر بی ایچ سی پی کے عملے کے لیے مشترکہ تربیتی سیشن منعقد کرنے پر اتفاق کیاگیا،نادرا بی ایچ سی پی کومریضوں کو فراہم کردہ علاج کا بروقت ڈیٹا فراہم کرے گا تاکہ شواہد پر مبنی فیصلہ سازی کے لیے مستفید ہونے والوں کی درست معلومات کو یقینی بنایا جا سکے۔ڈائریکٹر ایڈمن بی ایچ سی پی ڈاکٹر احمد ولی نے آپریشنل مسائل کے حل کے لیے نادرا کے تعاون اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تعاون بلوچستان کے لوگوں کو صحت کی بہتر اور موثر خدمات فراہم کرنے کی ہماری صلاحیت میں نمایاں اضافہ کرے گا۔پراجیکٹ منیجر نادرا برائے بی ایچ سی پی شہزاد پراچہ نے خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیےمحکمہ جاتی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نادرا آپریشنل چیلنجز سے نمٹنے اور بغیر کسی رکاوٹ کے خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے میں بی ایچ سی پی کی مدد کے لیے پرعزم ہے۔
ملاقات میں مستقبل قریب میں سٹیٹ لائف کے عہدیداروں سمیت مشترکہ رابطہ اجلاس پر اتفاق کیا گیا۔میٹنگ کے شرکانے بی ایچ سی پی ، سٹیٹ لائف اور نادرا کے درمیان شراکت داری کو مضبوط کرنے کے عزم کو ایک اہم قدم قرار دیا، جس سے بلوچستان کے لوگوں کو فائدہ پہنچے گا۔