حکومت نے بلوچ مظاہرین کی رہائی کے لیے خصوصی پولیس ہیلپ سینٹر قائم کر دیا

108

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم کی کمیٹی اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے مظاہرین کے درمیان مذاکرات کے بعد گرفتار افراد کی رہائی کا عمل جاری ہے اور اس سلسلے میں ایک خصوصی پولیس ہیلپ سینٹر بھی قائم کردیا گیا ہے۔

وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے بلوچستان کے مظاہرین سے مذاکرات کے لیے وفاقی وزرا مرتضی سولنگی، فواد حسن فواد اور جمال شاہ پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی تھی۔ اتوار کو یہاں جاری ہونے والے ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مذاکرات کے بعد قانون کے مطابق گرفتار افراد کی رہائی کا عمل جاری ہے۔

بیان کے مطابق سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) عبدالحق عمرانی کو اس سلسلے میں فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔ اسپیشل پولیس ہیلپ سینٹر دو روز تک کام جاری رکھے گا، ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس (ڈی آئی جی) آپریشنز اور ایس ایس پی آپریشنز پورے عمل کی نگرانی کریں گے۔ اگر کسی شخص کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا ہو تو وہ اسلام آباد کیپیٹل پولیس (آئی سی ٹی) سے ٹیلی فون نمبر051-9001534، موبائل: 0345-9600622 یا ای میل: [email protected] پر رابطہ کر سکتا ہے۔