کوئٹہ۔ 29 فروری (اے پی پی):بلو چستان اسمبلی کااجلاس سینئر ممبراسمبلی انجینئر زمرک خان اچکزئی کی صدارت میں تلاوت کلام پاک سے شروع ہواجس کے بعدانجینئر زمرک خان اچکزئی نے نومنتخب اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن(ر)عبدالخالق اچکزئی سے انکے عہدے کاحلف لیا جس کے بعد اسپیکر نے ڈپٹی اسپیکرغزالہ گولہ سے عہدے کا حلف لیا۔
اس موقع پراسپیکر بلو چستان اسمبلی کیپٹن (ر)عبد الخالق اچکزئی نے تمام سیاسی جماعتوں کے اراکین اسمبلی کاشکر یہ اد اکر تے ہو ئے کہا کہ بحیثیت اسپیکر وہ اسمبلی کے تمام ممبران کو ساتھ لیکرچلیں گے ،ایوان کا تقدس بحال رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔اجلاس کے دوران ارکان صوبائی اسمبلی نے اسپیکرعبدالخالق اچکزئی اور ڈپٹی اسپیکرغزالہ گولہ کومنتخب ہونے پر مبارک باد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ ایوان کو آئین اور قانون کے مطابق چلائیں گے ۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین اسمبلی سرفراز بگٹی ، ظہور بلیدی ،حاجی علی مدد جتک ، سردار عبد کھیتران نے کہا کہ صو بے میں آباد تمام اقوام کی نمائند گی اسمبلی میں موجود ہے صوبے میں بلوچ اورپشتونوں کی اپنی روایات ہیں ان روایات کے تحت بلو چستان اسمبلی کو چلنا چاہے۔انہوں نے کہاکہ آج ہم جس مقام پر ہیں جمہوریت کی وجہ سے ہیں ہم نے الیکشن میں حصہ لیکر کامیابی حاصل کی اورایوان میں پہنچے ۔
جماعت اسلامی کے رکن اسمبلی مجید بادینی نے کہا کہ گوادر میں حالیہ ہو نے والے بارشوں سے شہری بری طرح متاثر ہوئے ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ گوادر کو آفت زدہ قراردیا جا ئے۔رکن اسمبلی علی مدد جتک نے اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دس سال سے سریاب میں لو گوں کی خدمت کی ہے سب سے پہلے صو بے سے بے روگاری کو ختم کرنا ہو گا
نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے اس موقع پررکن اسمبلی اسد بلوچ ، مینا مجید،فرح عظیم شاہ،میر عاصم کرد گیلو، آغا عمر احمد زئی،میر ضیا اللہ لانگو،صادق عمرانی ،سلیم کھوسہ،اصغر رند،یونس عزیز زہری ، لیاقت لہڑی، عبید گور گیج ، صمد گورگیج،عاصم کر دگیلو سمیت دیگر اراکین نے بھی اسمبلی میں اظہار خیال کیا۔
اسپیکر صوبائی اسمبلی کیپٹن(ر) عبدالخالق ا چکزئی نے قائد ایوان کاانتخاب 2مارچ کو کرانے کااعلان کیا جس کیلئے کاغذات نامزدگی جمعہ کی شام 5بجے تک بلوچستان اسمبلی میں جمع کرائے جاسکیں گے جس کے بعداسپیکرنے اسمبلی کااجلاس2مارچ ہفتہ کو صبح گیارہ بجے تک کیلئے ملتوی کردیا۔