بلیک سی انیشی ایٹو کے تحت12 جہازوں کو یوکرین کی بندرگاہوں سے روانہ ہونے کی اجازت دی گئی ، اقوام متحدہ

76

نیویارک۔11اگست (اے پی پی):اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ اناج کی برآمد کے معاہدے’’بلیک سی انیشی ایٹو ‘‘کے تحت12 جہازوں کو یوکرین کی بندرگاہوں سے روانہ ہونے کی اجازت دی گئی ہے۔ چینی ذرائع ابلاغ کے مطابق جوائنٹ کوآرڈینیشن سینٹر فار دی بلیک سی انیشی ایٹو میں اقوام متحدہ کے عبوری کوآرڈینیٹر فریڈرک کینی نے وڈیو لنک کے ذریعے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ ان بحری جہازوں میں 3 لاکھ 70 ہزار میٹرک ٹن سے زیادہ اناج اور دیگر خوراک موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین کے اناج کی برآمد کا معاہدہ بہت اچھے انداز میں شروع ہوکر اختتام پذیر ہوا ۔

ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے بہتر نتائج کے حصول کے لیے بہت زیادہ محنت کی ضرورت ہے ،اس سے دنیا بھر میں غذائی عدم تحفظ کو دور کرنے اور خوراک کی عالمی منڈیوں کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی، بریفنگ میں ترکی نے بھی وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی ۔ یاد رہے کہ 22 جولائی کو روس اور یوکرین نے ترکی اور اقوام متحدہ کے ساتھ بحیرہ اسود میں یوکرین کی 3 اہم بندرگاہوں سے خوراک اور کھاد کی برآمد کی اجازت دینے کے لیےمعاہدے پر دستخط کیے تھے۔