اسلام آباد۔23جون (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے نواز شریف کی صحت کے حوالے سے جو بیانیہ کھڑا کیا تھا آج مریم نواز نے خود ہی اسے گرا دیا، یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ ن لیگ گزشتہ ڈیڑھ سال سے نواز شریف کی صحت کے حوالے سے پوری قوم کے ساتھ غلط بیانی کرتی رہی ہے، لیگی قائدین کے جھوٹ سے پردہ ہٹ گیا ہے اور عوام کے سامنے ان کے اصل چہرے بے نقاب ہو گئے ہیں، اب کوئی بھی ان کی باتوں کا یقین نہیں کرے گا۔
بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے واضح کر دیا ہے کہ اگر نواز شریف کو انصاف اور جان کی گارنٹی دی جائے تو وہ اگلی فلائٹ سے پاکستان آ جائیں گے اس سے ثابت ہو گیا ہے کہ ن لیگ کے رہنما گزشتہ ڈیڑھ سال سے اپنے قائد کی صحت پر سیاست کرتے آئے ہیں، حقیقت یہ ہے کہ ان کی جان کو کوئی خطرہ نہیں ہے، وہ عدالتوں میں بدعنوانی مقدمات کا سامنا کرنے کیلئے تیار نہیں اسلئے واپس وطن نہیں آ رہے، نواز شریف نقلی شیر کا کردار ادا کر رہے ہیں، وہ تین مرتبہ ملک کے وزیراعظم رہ چکے ہیں،
انہیں چاہیے کہ وطن واپس آ کر عدالتوں میں اپنے مقدمات کا سامنا کریں۔ علی محمد خان نے کہا کہ ن لیگ کے قائدین کا اصل مسئلہ یہ ہے کہ یہ صرف اقتدار کیلئے پاکستان آتے ہیں، جب بھی یہ لوگ اقتدار سے باہر ہوتے ہیں تو بیرون ملک بھاگ جاتے ہیں، ماضی میں لیگی قائدین سابق جنرل (ر) پرویز مشرف سے ڈیل کر کے چوردروازے سے بیرون ملک بھاگ گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے بھی رمضان میں بیرون ملک بھاگنے کی کوشش کی تھی کہ انہیں ایمرجنسی ہے لیکن حکومت نے انہیں نہیں جانے دیا، اگر وہ واقعی میں بیمار تھے تو کیا پاکستان میں ایسا کوئی ہسپتال نہیں جہاں سے وہ اپنا علاج کرا سکتے۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت نے کہا کہ ملک میں قبل ازوقت انتخابات کا کوئی چانس نظر نہیں آ رہا، حکومت کو اتحادیوں سے کوئی خطرہ نہیں ہے، ق لیگ سمیت ساری اتحادی جماعتیں حکومت کے ساتھ کھڑی ہیں اور کھڑی رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور جوہر ٹائون میں دھماکہ افسوسناک واقعہ ہے، اللہ تعالی شہدا کی مغفرت کرے اور پاکستان کو اپنی حفظ و امان میں رکھے۔