حافظ آباد۔13مارچ (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بلے کے نشان پر منتخب ہونے والا رکن پارلیمان آئینی اور اخلاقی طور پر وزیراعظم عمران خان کے علاو ہ کسی کو بھی ووٹ نہیں دے سکتا۔
اتوار کو حافظ آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے عوام سے تین سوال کئے اور کہا کہ اس پر آپ کا کیا فیصلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے عدم اعتماد کی تحریک پیش کی گئی ہے کیا آپ کو وزیراعظم پر اعتماد ہے جس پر عوام نے بھرپور انداز میں اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے انتخابی نشان بلے پر منتخب ہونے والا کوئی بھی رکن پارلیمان آئینی اور اخلاقی طور پر وزیراعظم عمران خان کے علاوہ کسی کو ووٹ نہیں دے سکتا۔
انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ڈی چوک پر جلسہ کے بارے میں بھی عوام سے سوال کیا اور پوچھا کہ کیا آپ اس میں شرکت کریں گے تو پنڈال نے اس پر بھی انتہائی پرجوش ردعمل کا اظہار کیا۔
قبل ازیں جلسہ عام سے رکن قومی اسمبلی شوکت علی بھٹی سمیت اراکین صوبائی اسمبلی نے بھی خطاب کیا اور علاقہ میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب سردار اعثمان بزدارکا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف نئے ترقیاتی منصوبوں کا مطالبہ بھی کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=299591