نیویارک۔11مئی (اے پی پی):مائیکرو سافٹ کے شریک بانی اور امریکی کاروباری شخصیت بل گیٹس کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا جس کے بعد انہوں نے خود کو آئیسولیٹ کر لیا ہے۔
عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز ایک ٹویٹ میں بتایا کہ ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے اور انہیں معمولی علامات محسوس ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ماہرین صحت کے مشورے پر عمل کر رہے ہیں اور جب تک روبصحت نہیں ہو جاتے اس وقت آئیسولیشن میں رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ انہوں نے کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگوالی تھی اور انہیں صحت کی بہترین سہولیات تک رسائی حاصل ہے۔